گلگت ،10مئی (اے پی پی): وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ دیگر صوبوں کی نسبت گلگت بلتستان کی آبادی کم ہے لیکن ہمیں فخر ہے کہ خواندگی اور قابلیت کے حوالے سے گلگت بلتستان میں کوئی کمی نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہارا نہوں نے جمعہ کو یہاں ایف پی ایس سی کے پانچویں بیچ کے کامیاب ہونے والے او ایم ایس اور ڈی ایم ایس آفیسران کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب میں کیا۔وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں نئے آفیسران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان کا مستقبل آپ سے وابستہ ہے،آپ نے تمام تر وابستگیوں سے بالاتر ہوکر گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا فرائض ایمانداری سے انجام دینا ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ اپنی صلاحیتوں کو گلگت بلتستان میں گورننس کی بہتری اور علاقے کی ترقی کیلئے بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے آئندہ نسلوں کیلئے مل کر کام کرنا ہے اور گورننس کے نظام کو ٹھیک کرنا ہے۔
کامیاب ہونے والے آفیسران سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ حکومت گلگت بلتستان آپ کی ٹریننگ سپریریئر سروسز اکیڈمی سے کرائے گی جس سے آپ کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔