اسلام آباد،10مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن ٹیکس وصولی کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے شفافیت اور محصولات میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹیکس سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن کے لئے عالمی کنسلٹنگ فرم میکنزی اینڈ کمپنی کے ساتھ معاہدے پر دستخط کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہیڈکوارٹرز میں جمعہ کو ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزارت خزانہ،ایف بی آر، کارانداز اور کنسلٹنگ فرم کے حکام نے شرکت کی۔ٹیکس سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن ٹیکس وصولی کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے شفافیت اور محصولات میں اضافہ ہوگا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے حکومت پاکستان کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن حکومت کی ایک اہم ترجیح ہے اوریہ شراکت داری ٹیکس وصولی کی بہتری کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے جس سے پائیدار اقتصادی ترقی کوفروغ ملے گا۔ اس اقدام سے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے ایف بی آر کے آپریشنز کو جدید بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال سے محصولات کی وصولی بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ شفافیت اور کارکردگی کے اہداف کو حاصل کرنے اور عوام کی بہتر خدمت کرنے کی جانب ایف بی آر کا ایک اہم قدم ہے۔
کارانداز پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقاص الحسن نے کہا کہ یہ شراکت داری ایف بی آر کو اپنی ڈیجیٹل حکمت عملی کے نفاذ اور اس پر عمل درآمد میں مددفراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس ذمہ داری کے لئے جس فرم سے معاہدہ کیا گیا ہے اس کا تجربہ پاکستان ڈیجیٹل سٹیک انی شیٹیو کے وسیع تر وژن کو عملی جامہ پہنانے میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے اس اہم منصوبے کے لئے مالی امداد فراہم کرنے پر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کا بھی شکریہ اد اکیا۔