کھیل کے میدان سے عالمی سطح پر امن، سکون اور محبت کے فروغ کاپیغام جاتا ہے؛امریکی قونصل جنرل

19

کراچی، 10 مئی (اے پی پی):عالمی  یوم   بیس بال سافٹ بال کے موقع پر سافٹ بال فیڈریشن پاکستان کے تحت امریکی قونصلیٹ کراچی میں تقریب منعقد ہوئی جس میں کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل کونراڈ ٹرائبل، سافٹ بال فیڈریشن کے صدر آصف عظیم سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پرقونصل جنرل کونراڈ ٹرائبل نے کہا کہ امریکا میں بیس بال اور سافٹ بال کا کھیل اتنا ہی مقبول ہے جتناپاکستان میں کرکٹ کاجنون پایا جاتا ہے ، کھیلوں کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، یہ رنگ، ذات، مذہب یا مسلک سے بالاتر ہوکر لوگوں کو اکٹھا رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدان سے بین الاقوامی سطح پر انسانوں کے درمیان امن، سکون اور محبت کے فروغ کاپیغام جاتا ہے۔

 کونراڈ ٹرائبل  نے کہا کہ امریکہ پہلی بار ورلڈٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کررہا ہے جس کی کامیابی کیلئے ہم سب بہت پرجوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ  عالمی  یوم   بیس بال سافٹ بال کی پہلی سالگرہ کی تقریب میں شرکت پر بہت خوشی محسوس کررہا ہوں اورسافٹ بال اور بیس بال کے الحاق پر جاری 15 روزہ تقریبات پرفیڈریشن کے صدر آصف عظیم اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ایسے ایونٹس دونوں ممالک کے درمیان قائم دیرینہ تعلقات کے مزید فروغ کاباعث بنیں گے۔

 سافٹ بال فیڈریشن پاکستان کے صدرآصف عظیم نے کہا کہ امریکی قونصلیٹ کراچی نے سافٹ بال کی ترقی کے لیے ہمیشہ بھرپور تعاون فراہم کیا ہے، حالیہ برسوں میں پاکستانی نوجوان خصوصا خواتین سافٹ بال کی طرف بہت زیادہ مائل ہوئی ہیں، ہم ملک کے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بین الاقوامی سطح پر روشناس کرانے کیلئے پرعزم ہیں۔