اسلام آباد، 13 مئی ( اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے پیر کو قومی اسمبلی کو بتایا کہ بیرون ملک سے ڈگریاں مکمل کرنے والے ڈاکٹروں کے لیے ایکریڈیشن امتحان اب سال میں دو بار لیا جائے گا۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے غیر ملکی تعلیم یافتہ ڈاکٹروں کے لیے ایکریڈیشن امتحان کے حوالے سے پالیسی میں تبدیلی کے بارے میں توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلا ٹیسٹ جون میں اور دوسرا دسمبر میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ امتحانات نئی ہدایات کے مطابق باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے امتحانی فارمیٹ کو نئے سرے سے ڈیزائن کیا ہے اور پاسنگ بینچ مارک کو 70 فیصد سے کم کر کے 60 فیصد کر دیا ہے۔انہوں نے ایسے امتحانات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر ملک کے لیے بین الاقوامی ڈگری ہولڈرز کے لیے ایکریڈیٹیشن ٹیسٹ یا مساوی امتحانات کا انعقاد بہت ضروری ہے، خاص طور پر قیمتی انسانی جانوں سے متعلق معاملات میں۔