اسلام آباد ،13 مئی ( اے پی پی ):اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا ، قومی اسمبلی میں ایجنڈا کے بیشتر نکات نمٹائے گئے جبکہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت کے خطاب پر بحث کا آغاز ہوا۔
قومی اسمبلی میں بھنگ کنٹرول و انضباطی اتھارٹی آرڈیننس 2024 پیش کیا گیا۔ وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے آرڈیننس ایوان میں پیش کیا۔بھنگ کنٹرول و انضباطی اتھارٹی آرڈیننس 2024 کو آئندہ 120 دنوں کیلئے مزید توسیع دینے کی قرارداد منظور کی گئی ۔
قومی اسمبلی نے پیر کو خواتین کی مین اسٹریمنگ پر خصوصی کمیٹی کے قیام کی تحریک منظور کر لی گئی جس میں دونوں ایوانوں کے ارکان شامل ہیں۔ وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے قومی اسمبلی میں رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس 2007 کے قاعدہ 244 (B) کے تحت تحریک پیش کی۔ ایوان نے اس خصوصی کمیٹی کے قیام کی تحریک منظور کی جو قومی اسمبلی کو سفارشات پیش کرے گی۔ خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق معاملات پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایوان خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اتفاق رائے سے بہترین قانون سازی کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں نہ صرف قوانین کے ذریعے خواتین کو مزید بااختیار بنانا چاہیے بلکہ خواتین کی حمایت بھی کرنی چاہیے ۔
ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے وزیر نے کینابیس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس بھی پیش کیا جبکہ اسی آرڈیننس کو 14 جون 2024 سے مزید ایک سو بیس دن کی توسیع دینے کی قرارداد منظور کی گئی ۔
بعدازاں قومی اسمبلی کا اجلاس کل بروز منگل دن 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔