میرپورخاص،14 مئی( اے پی پی):سینٹرل جیل میرپورخاص میں قیدیوں کو خود کفیل بنانے اور روزگار کے قابل بنانے کے لیے سینٹرل جیل انتظامیہ اورسماجی تنظیم سرسو کے مابین معاہدہ (ایم او یو ) ہو گیا ہے، معاہدہ ڈویژنل کمشنر میرپورخاص فیصل احمد عقیلی کی نگرانی میں ہوا۔
اس موقع پر کمشنر فیصل احمد عقیلی نے کہا کہ یہ ایک اچھا قدم ہے جس سے قیدیوں کے ہنر کو مارکیٹ تک پہنچایا جائے گا تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں اور اپنا روزگار خود کما سکیں۔
جیل سپرنٹینڈنٹ شہاب الدین صدیقی نے کہا کہ جیل انتظامیہ میرپورخاص کی ہر ممکن کوشش ہے کہ قیدیوں کی صلاحیتیں اجاگر کی جائیں اس ضمن میں دستکاری ہنر کے ساتھ ساتھ ان میں موجوددیگر ہنری صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے ۔
ریجنل مینیجر سرسو ڈاکٹر غلام رسول سمیجو نے کہا کہ سرسو کی جانب سے قیدیوں کے لیے 5 لاکھ روپے کی سلائی مشینیں خریدی گئی ہیں جو اس معاہدے کے تحت سینٹرل جیل میرپورخاص کے قیدیوں کو فراہم کی گئی ہیں جس سے اب وہ کپڑوں کی سلائی کر کے کراچی کی مارکیٹ تک رسائی کی جائے گی جس سے وہ روزگار کے قابل ہو کر خود کفیل ہو جائیں گے۔