تیز گام ایکسپریس ٹرین میں پریمیم لاؤنج ڈائننگ کار کا اضافہ، 40 سے زائد کھانے دستیاب ہوں گے

80

اسلام آباد،15مئی(اے پی پی ): پاکستان ریلوے نے تیز گام ایکسپریس ٹرین میں پریمیم لاؤنج ڈائننگ کار کا اضافہ کر دیا ہے، 20 مئی سے تیز گام کے مسافر نئی ڈائننگ کار کی سہولیات سے محظوظ ہو سکیں گے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے عامر بلوچ کے مطابق ریلوے آمدن 70 ارب سے بھی زائد ہو چکی جو کہ ٹارگٹ سے 7 ارب زیادہ ہے، ریکارڈ ریلوے آمدن کے ثمرات سہولیات میں بہتری کی صورت میں مسافروں تک پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئی کار میں بیٹھنے کی جگہ کو مزید کشادہ کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ڈائننگ کار میں 40 سے زائد کھانے موجود ہوں گے،کار کے مینیو میں سُوپ، برگر، پیزا، کڑاہی بھی شامل ہے۔

عامر بلوچ کے مطابق ڈائننگ کار میں ایک وقت میں 35 مسافر کھانا کھا سکیں گے،اس سے قبل بہاءالدین زکریا ایکسپریس میں پریمیم لاؤنج ڈائننگ کار لگائی گئی تھی جس کی کامیابی پر نئی ڈائننگ کار کا دائرہ کار بڑھایا گیا ہے۔

عامر بلوچ کے مطابق اگلے چند ہفتوں میں خیبر میل اور علامہ اقبال ایکسپریس میں بھی نئی ڈائننگ کار لگا دی جائے گی۔نئی ڈائننگ کار کے اضافے سے مسافروں کا سفری تجربہ پہلے سے بہت بہتر ہو گا۔راولپنڈی، ملتان اور لاہور اسٹیشنز پر ایگزیکٹو واش رومز بھی بنا رہے ہیں، تینوں سٹیشنز پر مسافر یکم جون سے ایگزیکٹو واش رومز استعمال کر سکیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ چھوٹے پلیٹ فارمز کو اپ گریڈ کرنے جا رہے ہیں۔