پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع قومی اقتصادی چارٹر کی ضرورت ہے ؛ احسن اقبال

25

 

 

 اسلام آباد،15 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے  کہا ہے کہ پاکستان ہر قسم کی قدرتی دولت سے مالا مال ہے لیکن امن اور سیاسی استحکام کے بغیر ملک کی ترقی ناممکن ہے، پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع قومی اقتصادی چارٹر کی ضرورت ہے۔

وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی جانب سے منعقد کیے جانے والے پاکستان ڈویلپمنٹ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے سی پیک جیسے منصوبوں کو قوم کے لیے تحفہ قرار دیا اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع قومی اقتصادی چارٹر کی ضرورت ، وسائل کے موثر استعمال، مناسب منصوبہ بندی اور پالیسی کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا ۔انہوں نے  کہا  کہ ایک دہائی طویل جمہوری استحکام کے ساتھ پائیدار پالیسیاں کامیاب نتائج کی کلید ہیں۔

 اس موقع پر وفاقی وزیر نے 5-ایز (5Es )فریم ورک پر بھی روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو بحیثیت قوم مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔  5-ایز(5Es )فریم ورک کا مقصد برآمدات کو فروغ دینا، علمی معیشت کی تعمیر، ماحولیاتی چیلنجوں اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، سستی اور پائیدار توانائی کے حل کو یقینی بنانا، اور جامع اقتصادی ترقی اور صحت، تعلیم اور سماجی تحفظ کی خدمات تک عالمی رسائی کو فروغ دینا ہے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری  برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، اویس منظور سمرا نے پاکستان کے معاشی چیلنجر کے حل کے لیے جامع پالیسی پر عمل درآمد کے لیے جاری کوششوں کا یقین دلایا۔  انہوں نے مختلف شعبوں جیسے برآمدات، توانائی اور سرمایہ کاری میں مختصر، درمیانی اور طویل مدتی اقدامات پر مشتمل ایک مضبوط فریم ورک کے ساتھ، ماحولیاتی تبدیلی سمیت اقتصادی رکاوٹوں کا سامنا کرنے میں قومی کاوشوں کو بھی سراہا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت، صنعت کے ماہرین اور شہریوں کی اجتماعی کوششوں سے پاکستان اپنے معاشی چیلنجوں پر قابو پا سکتا ہے اور 2035 تک ٹریلین ڈالر کی معیشت بن سکتا ہے۔

سمٹ کے انعقاد کا مقصد مختلف شعبوں کے سرکردہ ماہرین کو اکٹھا کر کے اقتصادی ترقی  کے لیے ایک جامع فریم ورک کے موثر نفاذ پر غور کرنا تھا۔