اسلام آباد،15 مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور اور سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین حج انتظامات کا جائزہ لینے سعودی عرب پہنچ گئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن بھی وزیر مذہبی امور کے ہمراہ ہیں۔ اس موقع پر ڈی جی پاکستان حج مشن عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹر حج مکہ فہیم آفریدی و دیگر نے جدہ ایئر پورٹ پر وزیر مذہبی امور اور ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیر نے پاکستانی قونصلیٹ جنرل میں قائم پاکستان حج مشن ، نادرہ آفس ، پاسپورٹ آفس، کمرشل آفس ،ویلفیئر آفس اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ چوہدری سالک حسین نے جدہ قونصلیٹ میں اپنے عمومی مسائل کے حل کیلئے آنے والی پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے ۔ انہوں نے قونصلیٹ کے متعلقہ افسران کو عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کیے۔
وفاقی وزیر مکہ مکرمہ میں پاکستان حج مشن میں مین کنٹرول آفس میں جاری حج آپریشن پر بریفنگ کے علاوہ سعودی وزارتِ حج و عمرہ ، پاکستان حج مشن کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ چوہدری سالک حسین مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج سے ملاقات کریں گے اور عازمینِ حج کی رہائشگاہوں، کیٹرنگ کمپنیوں اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیں گے۔
وزیر مذہبی امور اپنے دورہ کے دوران مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے اعلیٰ افسران اور سہولیات کی فراہمی کے ذمہ دار دیگر اداروں کا دورہ کریں گے۔