پشاور،15مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کے ہر کونے میں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے 38 مانسہرہ میں دور افتادہ پسماندہ مگر سیاحتی نقطہ نظر سے اہم علاقوں کے مریضوں کیلئے جدید موبائل ہسپتال، مشیر سیاحت زاہد چن زیب کو حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ موبائل ہسپتال میں فرسٹ ایڈ، گائنی، چلڈرن اور جنرل چیک اپ سمیت علاج کی جدید سہولیات دستیاب ہیں۔
اس موقع پر زاہد چن زیب نے کہا کہ وزیر صحت و ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ کے مشکور ہیں کہ ہمارے پسماندہ علاقوں کے غریب عوام کیلئے یہ سہولت فراہم کی جو لوگوں کے پاس دیہات جا کر مریضوں کو انکی دہلیز پر علاج معالجہ کی سہولیات مہیا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی ایسی سہولیات مزید علاقوں میں فراہم کی جائینگی یہ موبائل ہسپتال مانسہرہ کے پسماندہ علاقوں سمیت سیاحتی مقامات میں بھی بروئے کار لایا جائے گا۔
مشیر سیاحت نے کہا کہ مانسہرہ جیسے پسماندہ علاقوں میں صحت کی بہترین سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کرینگے۔
نظامت صحت کے ایڈیشنل ڈی جی ایڈمسنٹریشن ڈاکٹر سراج اور ڈی ایچ او مانسہرہ مشتاق تنولی بھی اس موقع پر موجود تھے۔