پاکستانی خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے قومی کمیشن برائے وقار نسواں اور  پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری، معاہدے پر دستخط

31

اسلام آباد،15مئی(اے پی پی):پاکستانی خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے قومی کمیشن برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو) اور پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (پی پی اے ایف) سٹریٹیجک شراکت داری کا حصہ بن گئے۔ قومی کمیشن برائے وقار نسواں کی چیئرپرسن نیلوفر بختیار اور سی ای او پی پی اے ایف نادر گل بڑیچ نے بدھ کو یہاں منعقدہ تقریب میں ایل او آئی پر دستخط کیے۔ ماہرین تعلیم، میڈیا اور سول سوسائٹی کی تنظیمیں اس تقریب کا حصہ تھیں ۔ د

ونوں اداروں کے سربراہان نے اتفاق کیا کہ یہ معاہدہ پاکستانی خواتین کو برابری کے حقوق کی فراہمی اور معاشی طور پر بااختیار بنائے جانے کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس اتحاد کے ذریعے خواتین کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی مشترکہ کوششوں کے طور پر دونوں ہی ادارے پارٹنر آرگنائزیشن دختران پاکستان کے ہمراہ مختلف پروگراموں کے ذریعے خواتین کے آئینی و بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ ان کی سماجی و اقتصادی بااختیاریت کو مربوط حکمت عملی کے ذریعے عملی جامہ پہنائیں گے۔

 معاہدے کے تحت صنفی مساوی پالیسیوں کو فروغ دینے کے لیے خواتین کی پارلیمانی کاکس کے ساتھ مسلسل رابطوں اور ہم آہنگی کے ذریعے خواتین کی اقتصادی شراکت میں رکاوٹوں کو دور کرنے، قوانین کے قیام، ان پر عمل داری کی کوششیں کریں گے۔ بین الصوبائی اور بین الوزارتی مکالموں کے ذریعے دونوں تنظیمیں ملک بھر کے تعلیمی اداروں اور تحقیقی اداروں کے ساتھ تعاون پر مبنی تحقیقی اقدامات غربت میں کمی، اقتصادی ترقی، ڈیجیٹلائزیشن، شراکتی ترقی اور موسمیاتی تبدیلی کے ردعمل میں خواتین کی شمولیت کے راستے تلاش کریں گے۔