جناح ہسپتال لاہور کے جگر اور معدے کے شعبہ جات میں بہتری لانے کے اقدامات اٹھائیں گے ؛خواجہ سلمان رفیق

27

لاہور،15مئی(اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ جناح ہسپتال لاہور کے جگر اور معدے کے شعبہ جات میں بہتری لانے کے اقدامات اٹھائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت  نے  علامہ اقبال میڈیکل کالج میں اجلاس کی صدارت کرتے  ہوئے کیا۔ اجلاس میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سید اصغر نقی،ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر یحیی سلطان،پروفیسر سجاد گورائیہ،برن یونٹ سے ڈاکٹر یاور،ڈاکٹر شبیر چوہدری دیگر فیکلٹی ممبران اور وائے ڈی اے کے ممبران موجود تھے۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران جناح ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کی استعدادکار بڑھانے کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ جناح ہسپتال لاہور کے مختلف شعبہ جات کی استعدادکار بڑھانے کی اشد ضرورت ہے،جناح ہسپتال لاہور میں روزانہ ہزاروں کی تعداد سے مریض علاج کی غرض سے آتے ہیں۔

صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سید اصغر نقی اور ایم ایس ڈاکٹر یحیی سلطان کو جناح ہسپتال میں بہتری کیلئے مزید معاملات کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی۔

صوبائی وزیرصحت نے جناح ہسپتال لاہور میں ہزاروں کی تعداد میں آنے والے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز کو شاباش دی۔