کمشنر نادر چٹھہ کا رحیم یارخان کا دورہ، فلاح عامہ کے پراجیکٹس کا جائزہ لیا

25

رحیم یارخان، 15 مئی (اے پی پی):کمشنر بہاولپور ڈویژن نادر چٹھہ  نے رحیم یارخان  کا دورہ کیا ، حکومت پنجاب کی جانب سے ضلع میں جاری فلاح عامہ کے پراجیکٹس کا جائزہ لیا،ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے ڈویژنل کمشنر کو فلاح عامہ کے پراجیکٹس بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈویژنل کمشنر نے چک85پی میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی، شیخ زید سکول میں آرٹزم سنٹر، کینال گرلز سکول میں تعلیمی سرگرمیوں، شیخ زید ہسپتال میں طبی سہولیات اور تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے شیخ زید ہسپتال میں متحد ہ عرب امارات کی جانب سے بنائے گئے نئے کارڈیک کیئر سینٹر کا بھی دور ہ کیا۔انہوں نے فلاح عامہ کے منصوبوں کی تکمیل اور حکومت پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام پر کامیاب عملدرآمد کرانے پر ڈپٹی کمشنر خرم پرویز اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا۔

کمشنر بہاولپور ڈویژن نادر چٹھہ نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی بہتری، شہر و دیہی علاقوں کی خوبصورتی، تعلیم و صحت کی اعلیٰ سہولیات اور شہریوں کی زندگی میں آسانی پیدا کرنا حکومت پنجاب کا مشن ہے جس کی تکمیل کے لئے انتظامی ادارے متحرک ہیں۔انہوں نے چک85پی میں حکومت پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے گاؤں میں صفائی ستھرائی کا معائنہ کیا اور مقامی افراد سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کے اس اقدام کے مقامی آبادی پر پڑنے والے اثرات بارے معلومات حاصل کیں۔انہوں نے کہا کہ ستھر اپنجاب پروگرام کی بدولت دیہی آبادی کو میونسپل سروسز کی فراہمی دہلیز پر مہیا کی جا رہی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر خرم پرویز اور ان کی ٹیم نے اس پروگرام کو کامیابی سے جاری رکھا ہوا ہے جو لائق تحسین ہے۔انہوں نے شیخ زید ہسپتال کے مختلف شعبہ جات اور کارڈیک کیئر سینٹر کا دورہ کرتے ہوئے طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کی۔

کمشنر نے جدید سہولیات سے آراستہ کارڈیک سنٹر تعمیر کرنے پر متحدہ عرب امارات حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شیخ زید ہسپتال میں سہولیات کی فراہمی اور زیر التوا منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے ترجیحی اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے شیخ زید سکول میں ضلعی انتظامیہ اور مخیرحضرات کے تعاون سے اپنی مدد آپ کے تحت اسٹیٹ آف دی آرٹ آرٹزم سنٹر کی تعمیر پر ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کا ویژن ہے کہ ہر ضلع میں ذہنی متاثرہ بچوں کی بحالی کے سنٹرز قائم کئے جائیں اورپیشہ ورانہ مہارت کے حامل اساتذہ آرٹزم سنٹر میں ذہنی طور پر متاثرہ بچوں کی بحالی کی خدمات انجام دیں۔انہوں نے صادق کلب اور گورنمنٹ گرلز کینال سیکنڈری سکول کا بھی دورہ کیا اور کینال سکول میں پودا لگایا۔