انسانی وسائل کی ترقی کا واحد راستہ تعلیم ہے؛ارکان کا قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال

21

اسلام آباد، 15 مئی (اے پی پی): مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے کہاہے کہ انسانی وسائل کی ترقی کا واحد راستہ تعلیم ہے۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں صدارتی خطاب پر بحث میں حصہ لیتے ہوے سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے کہا کہ انسانی ترقی کے بغیر کوئی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، انسانی ترقی کا واحد راستہ تعلیم ہے، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے کے لئے فنڈز میں اضافہ کیا جائے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک میں مفاہمت کی سیاست کا آغاز کیا،  مگر انہوں نے اپنے اختیارات اٹھارویں ترمیم کے ذریعے وفاق اور اس کی اکائیوں کو سونپ دیئے۔

مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی آسیہ ناز تنولی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ نوجوان بچوں اور بچیوں کے دلوں میں نفرت کے بیج بوئے گئے جس کی وجہ سے 9 مئی کا سانحہ رونما ہوا۔انہوں نے کہا کہ  سوشل میڈیا پر مریم نواز کے حوالے سے جو کچھ ہوا میں اس کی شدید مذمت کرتی ہوں۔

 قائدحزب اختلاف عمرایوب خان  اور سنی اتحاد کونسل کے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ   نے کہاہے کہ بجلی کی پیداوارکے حوالہ سے صورتحال کے بارے میں ایوان کواعتمادمیں لیاجائے۔

آئی ایم ایف ٹیم سے مذاکرات کی وجہ سے وزراءکی عدم موجودگی کے باعث قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں شامل وقفہ سوالات اور توجہ مبذول نوٹسز موخر کر دیئے گئے۔ بعدازاں ڈپٹی سپیکر نے اجلاس  (کل )جمعرات کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا۔