اسلام آباد،15مئی (اے پی پی):پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیراہتمام پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) کے آخری سال کے طلباء نے بدھ کو یہاں اپنے کیمپس میں منعقدہ ادارے کے نویں اوپن ہاؤس میں اپنے تخلیقی منصوبوں کی نمائش کی۔
آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن نے تقریب کا اہتمام کیا جو پیاس کے فارغ التحصیل طلباء کی تعلیمی کاوشوں کی عکاس تھی۔ اس سال کے اوپن ہاؤس میں ایک کیرئیر فیئر بھی شامل تھاجس میں یونیورسٹی کے ایسے ہونہار طلباء کو بھرتی کرنے کے لیے مختلف کمپنیوں نے حصہ لیا۔ ان کمپنیوں نے موقع پر انٹرویوز کیے اور تکنیکی طور پر طالب علموں کے بائیو ڈیٹا کا جائزہ لیا تاکہ ان کو ملازمت دی جاسکے۔
دن بھر کی سرگرمی میں دو درجن سے زائد پروجیکٹس کی نمائش کی گئی۔ تقریب میں طلباء، دانشوروں اور صنعت کے پیشہ ور افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب نے طلباء کو، جنہوں نے اپنی مصنوعات کی نمائش کی، پیشہ ور افراد اور ممکنہ آجروں کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقع فراہم کیا۔ پیاس یونیورسٹی کی فیکلٹی مزید صحت مند تعاون اور بات چیت کے لیے بھی دستیاب تھی۔
طلباء کے تخلیقی کام نے مہمانوں کو متاثر کیا، طلباء کی تیار کردہ مصنوعات اعلیٰ معیار کی تھیں۔ پراجیکٹس میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے اہم شعبوں کا احاطہ کیا گیا جن میں فلیوڈ میکینکس، پاور الیکٹرانک، دماغ کی تصویر کشی کی تکنیک، ساختی تجزیہ، بائیو میڈیکل انجینئرنگ، تھرمل ہائیڈرولکس، تجزیاتی تکنیک پاور اور حرارت کی ترسیل کی تکنیک اور آٹوموٹیو انجینئرنگ کنٹرول شامل ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پیاس سائنس اور ٹیکنالوجی میں ملک کی صف اول کی یونیورسٹی ہے اور 2019 میں اس کا شمار دنیا کی 400 بہترین یونیورسٹیوں میں ہوا جب کوئیکوائر سیمونڈز (کیو ایس) ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ کے مطابق اسے پاکستان کی بہترین انجینئرنگ یونیورسٹی بھی قرار دیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے یہ بین الاقوامی رینکنگ میں پاکستان کی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں مسلسل اعلیٰ مقام حاصل کر رہی ہے۔
اوپن ہاؤس کے دوران پیش کیے گئے طلباء کے تخلیقی منصوبے یونیورسٹی میں دی جانے والی نتیجہ خیز تعلیم کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس موقع پر پیاس کی اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار فیکلٹی کی نگرانی میں یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق کے معیار کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔