ملتان،17 مئی(اے پی پی): سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں جمعہ کو فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا پانچواں پندرہ روزہ اجلاس ڈائریکٹر سی سی آر آئی ملتان ڈاکٹرمحمد نوید افضل کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی وتربیت کے لئے کپاس کی کاشت ونگہداشت سے متعلق آئندہ پندرہ روزہ سفارشات31مئی تک کے لئے پیش کی گئیں۔ فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ ایسے کاشتکار جنہوں نے ابھی کپاس کی کاشت نہیں کی وہ 31مئی تک ہر صورت میں کپا س کی بجائی مکمل کریں اور بجائی سے پہلے سیڈ ٹریٹمنٹ لازمی کریں۔سیڈ ٹریٹمنٹ کے لئے کاشتکار امیڈا کلوپرڈ70WSبحساب 10 گرام فی کلوبیج استعمال کریں اور زمین کی تیاری کے وقت لیزر لینڈ لیولر کا استعمال یقینی بنائیں۔ ہموار کھیت سے نہ صرف پانی بچت ہوگی بلکہ جرمینیشن بھی بہتر ہوگی اور فصل بیماریوں سے محفوظ رہے گی۔
اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے سربراہان وسائنٹفک آفیسرز ڈاکٹر محمد ادریس،میڈم صباحت، ساجد محمود،ڈاکٹر فرزانہ اشرف، ڈاکٹر رابعہ سعید،ڈاکٹر نور محمد،جنید احمد ڈاہا اور ڈاکٹر محمد طارق نے شرکت کی۔فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا آئندہ چھٹااجلاس یکم جون کو ادارہ ہذا میں منعقد ہوگا۔