اسلام آباد، 17مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور بین الصوبائی رابطہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ 25 کروڑ کی آبادی میں 10-15 چیمپئن کیوں نہیں نکل سکتے؟، 2028 اولمپکس کے لیے بھرپور تیاری کی جائے گی اور ہر تین سے چار ماہ بعد کارکردگی جانچنے کے لیے دوبارہ ملاقات ہوگی۔
قومی کانفرنس برائے ریوائیول آف سپورٹس (کھیلوں کے احیاء سے متعلق کانفرنس) کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہم ملک کے لیے کھیلتے ہیں، اپنی ذات کے لیے نہیں، 2025 میں بھرپور طور پر کھیل کا میدان سجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے فیڈریشن کو ریویمپ کرنے کی ضرورت ہے،فیڈریشن کی دھڑے بازی ختم کی جائے اور بین الاقوامی کوچز کے زیر اہتمام کھلاڑیوں کی تربیت کی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں زیادہ سے زیادہ سپورٹس مراکز قائم کیے جائیں اور تمام اسکولوں میں کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے۔
احسن اقبال نے کہا کہ اسلام آباد میں قائد اعظم گیمز سے سیف گیمز کے لیے کھلاڑیوں کی تیاری کی جائے گی، تمام کھیلوں میں قومی نمائندگی کے لیے میرٹ پر انتخاب ہونا چاہئے۔انکا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑی ذہنی تناؤ کے ساتھ کبھی اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکتا، سات دن میں اذلان شاہ کے ہر ہاکی کھلاڑی کو جاب لیٹر ملے گا۔