اسلام آباد، 17 مئ (اے پی پی):وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہاہے کہ سیکورٹی خدشات کے تناظرمیں قومی اسمبلی کی عمارت اورلابیوں میں حفاظتی اقدامات کویقینی بناناضروری ہے۔
جمعہ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیردفاع نے کہاکہ بلڈنگ میں داخلہ کے مقام پر سینکڑوں لوگ موجود ہوتے ہیں جن کااتہ پتہ نہیں ہوتا کہ انہیں کون لایا ہے، ہال کے باہربھی لوگ موجود ہوتے ہیں، اس سے سیکورٹی کاخدشہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کے پاس معلومات ہیں کہ کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوسکتاہے۔
وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہا کہ داسومیں جوواقعہ ہوا ہے وہ گاڑی دس دن پاکستان میں رہی، یہاں کوئی چیکنگ نہیں ہے اورکوئی بھی مشکوک شخص داخل ہوسکتاہے، میری درخواست ہے کہ سیکورٹی خدشات کے تناظرمیں احتیاطی اقدامات کویقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ گیلری میں بیٹھے ہوئے لوگ نعرے لگاتے ہیں جس سے ایوان کاتقدس مجروح ہورہاہے ،یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے،ہمیں ایوان کے عزت کو برقراررکھنا چاہیے۔
جمعہ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں پی پی پی کے سید نویدقمرنے قائمہ کمیٹیوں کے انتخاب اورسپیکر کوارکان کی نامزدگی کااختیاردینے کی قراردار ایوان میں پیش کی جس کی اتفاق رائے سے منظوری دی گئی۔
پی پی پی کے سیدنویدقمرنے دوست اوجمہوری ممالک کے ساتھ تعلقات کومزیدمضبوط بنانے کیلئے پارلیمانی فرینڈشپ گروپس بنانے کی قراردار ایوان میں پیش کی جس کی بھی ایوان نے اتفاق رائے سے منظوری دی۔
جمعہ کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں بعض قراردادوں کی منظوری دی گئی۔بعدازاں سپیکرنے اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنے کے صدارتی احکامات پڑھ کرسنائے۔