پاکستانی فرنیچر عالمی معیار کا حامل ہے جسے ملکی و غیر ملکی منڈی میں فروغ ملنا چاہیے؛عبد العلیم خان

61

اسلام آباد،17 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستانی مصنوعات معیار اور لاگت میں ہر مارکیٹ کا مقابلہ کر سکتی ہیں، بالخصوص پاکستانی فرنیچر عالمی معیار کا حامل ہے جسے ملکی و غیر ملکی منڈی میں فروغ ملنا چاہیے۔

 اسلام آباد میں تین روزہ پاکستان لائف سٹائل فرنیچر ایکسپو  کے  افتتاح  کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ  ہماری میڈیم اور سمال انڈسٹری مناسب تشہیر اور مواقع کے ساتھ مارکیٹ میں مقام حاصل کر سکتی ہے کیونکہ ہمارا نجی شعبہ کم لاگت سے بہترین مصنوعات کی پیداوار کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر  نے کہا کہ ملکی مصنوعات کے فروغ سے زر مبادلہ میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں،فرنیچر ایکسپو کا انعقاد خوش آئند ہے کیونکہ اس سے ہماری “سکلڈ لیبر” کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ انہوں نے تین روزہ پاکستان لائف سٹائل فرنیچر ایکسپو کے منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور وہاں نمائش کے لیے لگائے گئے فرنیچر کو دیکھا اور ان کے معیار اور طریقہ کار کو سراہا۔