لاہور، 18 مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد کرایوں میں تین سے پانچ فیصد کمی کر دی گئی ہے، کرایوں کو بھی پٹرول کی قیمت کے ساتھ منسلک کر رہے ہیں۔
ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ عوام کو جلد اور بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کیلئے بھی وزیر اعلیٰ نے متعدد ہدایات دے رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو سابقہ حکومت میں بری طرح نظر انداز کیا گیا،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے حکومت میں آنے کے بعد ہر محکمہ پر خصوصی توجہ دی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ طالب علموں کو سفری سہولت فراہم کرنے کیلئے 20 ہزار بائیکس کی سکیم شروع کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ تقریباً ایک لاکھ نوے ہزار سٹوڈنٹس نے بائیکس سکیم میں دلچسپی دکھائی، بائیکس سکیم کی سب سے بڑی کامیابی اس میں خواتین کی بڑی تعداد میں حصہ لینا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ 11 مئی کو ہم نے بائیکس سکیم کی کامیابی سے ای بیلٹنگ کی اور کامیاب درخواست گزاروں سے بھی رابطہ کیا، بائیکس سکیم میں 1 ہزار ای بائیکس جبکہ 19 ہزار پیٹرول بائیکس شامل تھیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف ای بائیکس میں ہی آٹھ ہزار سے زائد فی میل سٹوڈنٹس نے اپلائی کیا،وزیر اعلی مریم نواز شریف نے خواتین کو سہولت دینے کیلئے بائیکس سکیم میں خوشگوار تبدیلی کر دی ہے، وزیر اعلی نے تمام 8 ہزار 39 طالبات کو ای بائیکس دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ای بائیکس میں اپلائی کرنے والی تمام فی میل سٹوڈنٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،وزیر اعلی کا ویژن بہت کلیئر ہے، وہ خواتین کو پر اعتماد شہری بنانا چاہتی ہیں۔
بلال اکبر خان نے کہا کہ لاہور میں ماحول دوست 27 ای بسیں چلانے جارہے ہیں، ایک سو مزید الیکٹرک بسوں کا ٹینڈرنگ پراسیس شروع کرنے جارہے ہیں، 620 بسوں کا فلیٹ آئندہ سال میں شہروں میں شروع کیا جائے گا۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ میٹرو بس کے اسٹیشنز کی گزشتہ پانچ سالوں میں کوئی مرمت نہیں کی گئی،ایک ارب روپے کی لاگت سے میٹرو بس کے ٹریک کی مرمت کا کام کر لیا گیا ہے، ملتان اور راولپنڈی کے میٹرو اسٹیشنز بھی تباہ حال ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی فضا کو سموگ کا سامنا ہے جس میں ٹرانسپورٹ کا بہت بڑا ہاتھ ہے، سموگ کے تدارک کیلئے کمرشل گاڑیوں کے علاوہ اب نجی گاڑیوں کے لیے بھی فٹنس سرٹیفیکٹ شروع کیے جائیں گے۔