سکھر،18مئی(اے پی پی):کمشنر فیاض حسین عباسی نے تمام ڈی سیز، ڈی ایچ اوز، پولیس، ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ ہیٹ ویو اور ہیٹ اسٹروک کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہریوں کو ہیٹ ویو الرٹ کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 21 سے 27 مئی تک سکھر ڈویژن ہیٹ ویو کی زد میں رہے گا اس لیے شہری غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، خاص طور پر بزرگ شہریوں اور بچوں کا خیال رکھنا چاہیے،تینوں ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ ضلعی افسران کو ضروری اقدامات کو یقینی بنانے اور ہسپتالوں اور مراکز صحت میں گرمی کی لہر سے متاثرہ افراد کے لیے خصوصی وارڈز مختص کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔
کمشنر سکھر نے ڈویژن کے تینوں اضلاع خیرپور، سکھر اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ شدید گرمی کے دوران پہلے سے قائم ہیٹ اسٹروک سینٹرز میں تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ اسپتالوں میں مریضوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کمشنر نے ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ ڈاکٹروں اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بناتے ہوئے ہیٹ اسٹروک سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر سے متعلق عوام میں آگاہی پھیلانے کے لیے خصوصی مہم چلائیں۔انہوں نے سکول انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرسٹ ایئر اور انٹر کے سالانہ پرچے 21 مئی سے شروع ہو رہے ہیں، گرمی کی لہر سے بچنے کے لیے امتحانی مراکز کے اندر فرسٹ ایڈ رومز قائم کیے جائیں، اسکولوں کے اندر پینے کے ٹھنڈے پانی سمیت صفائی کا خیال رکھا جائے جبکہ کلاس رومز میں پنکھوں اور بجلی کا مناسب انتظام کیا جائے۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چھوٹے بچوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچانے کے لیے بھی ضروری انتظامات کیے جائیں۔
کمشنر فیاض حسین عباسی نے سیپکو کے اعلیٰ حکام کو گرمی کی لہر کے دوران لوڈشیڈنگ سے گریز کرنے کی ہدایت کی جبکہ 21 مئی سے ہونے والے سالانہ امتحانات کے دوران صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک سکول کے فیڈرز میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت دی۔
کمشنر نے محکمہ اطلاعات کے حکام پر زور دیا کہ وہ الیکٹرانک میڈیا، پرنٹ میڈیا، سوشل میڈیا، ایف ایم اور ریڈیو پر خصوصی پیغامات نشر کریں تاکہ عوام کو گرمی کی لہر اور ہیٹ اسٹروک کے بارے میں آگاہ کیا جاسکے اور 21 سے 27 مئی تک گرمی کی لہر سے بچایا جا سکے۔