وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت پاکستان سپورٹس بورڈ کا انتیسواں اجلاس

25

اسلام آباد، 18 مئی (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ و منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت  پاکستان سپورٹس بورڈ کا انتیسواں اجلاس منعقد ہوا، جس دوران  کھیل اور کھلاڑیوں کی بہتری اور ترقی کے لئے  کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی ۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے اجلاس میں سال 2025 کو کھیلوں کے احیاء کا سال قرار دینے کے ساتھ ساتھ کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ  سپورٹس بورڈ اس سال اور 2025 کےلیے سپورٹس سرگرمیوں پر مشتمل اپنا پورا کیلنڈر مرتب کریں، اس سال نیشنل گیمز اور بین الصوبائی ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025 کے شروع میں ساؤتھ ایشین گیمز اور چیمپئن ٹرافی کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال  نے کہا کہ  ہنر مند،  محنتی اور پروفیشنل افراد کسی بھی ادارے کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں، پاکستان سپورٹس بورڈ میں ڈائریکٹر جنرل میرٹ پر اور شفاف طریقہ کار کے مطابق تعینات کیا جائے گا ، اداروں میں محنتی اور پروفیشنل سربراہ، اداروں کی قسمت بدل دیتے ہیں۔

 احسن اقبال نے کہا کہ   فیڈریشنز کو گرانٹ اجراء کرنے کے لئے ایک وسیع البنیاد کمیٹی تشکیل دی جائے گی، کمیٹی صرف کارکردگی اور میرٹ کی بنیاد پر گرانٹ کے اجرا کا فیصلہ کرے گی، فیڈریشنز کی کارکردگی جانچنے کے لئے ایک مربوط پیمانہ بھی وضع کر دیاگیا ہے، دی جانے والی گرانٹ کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی کروایا جائے گا تاکہ تمام امور میں شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔

بورڈ میں پاکستان سپورٹس اینڈاو’مینٹ فنڈ 2024 کے قیام کی بھی منظوری دی گئی، وفاقی وزیر نے کہا کہ  کھلاڑیوں کے بہترین مستقبل ان کی  اور ان کے خاندان کی ویلفیئر کے لیے یہ فنڈ قائم کیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ،  ندیم ارشاد کیانی،  ڈائریکٹر جنرل سپورٹس،  ظہور احمد،  منیجنگ ڈائریکٹر نیسپاک سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔