لاہور، 18 مئی(اے پی پی ): صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ سرکاری سکول کے تمام بچوں میں غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرنے کا جلد پلان بنالیا جائے گا، ماں، بچہ کی صحت، علاج پر ممکنہ وسائل فراہم کئے جارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں صوبائی وزرا صحت خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ہیلتھ انڈیکٹرز، بچوں میں غذائیت کی کمی اور دیگر صحت کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ یونیسف، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ساتھ ملکر بچوں کے لئے غذائیت سے بھرپور فوڈ سپیلمنٹ تیار کرنے کے لئے ایک میکانزم وضع کیا جارہا ہے، بچوں کی غذائیت، صحت پر مطلوبہ اہداف کیلئے ڈی جی ہیلتھ آفس میں نیوٹریشن ونگ قائم کیا جارہا ہے۔صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے ابتدائی 1000 دنوں کے بچے کی غذائی خوراک پر مکمل پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں دوسرے صوبوں کی نسبت ہیلتھ انڈیکیٹرز بہتر ہیں۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں تعینات نیوٹریشنسٹس، نیوٹریشن ہیلتھ ایڈوائزرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ نیوٹریشن کے ماہرین سکولوں میں بچوں کو صحت، غذائیت سے بھرپور خوراک پر لیکچر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ماہرین خوراک کی رہنمائی میں بچوں کے فوڈ سپلیمنٹس مقامی سطح پر تیار کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، پی ڈی آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر خلیل سخانی، ڈاکٹر عروج گیلانی، معروف سماجی رہنما سائرہ افتخار نے اجلاس میں شرکت کی۔