مکہ المکرمہ؛ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا رحلت منافیہ کمپنی کا دورہ، عازمین کو فراہم کی جانے والے سہولیات کا جائزہ لیا

12

مکہ المکرمہ، 19 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی  چوہدری سالک حسین نے اتوار کے روز مکہ مکرمہ میں  خدمت فراہم کرنے والی کمپنی رحلات منافیہ کا دورہ کیا اور حج کے ایام میں پاکستانی حجاج کرام  کو فراہم کی جانے والی سہولیات  کے متعلق   انتظامات کا جائزہ لیا۔  کمپنی آمد  پر  رحلات منافیہ کے  سی ای او احمد عبداللطیف تمار نے اپنی ٹیم کے ہمراہ  پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں ٹرانسپورٹ، رہائش اور کیٹرنگ سمیت دیگر سہولیات کے  بروقت اور وسیع انتظامات کرنے پر کمپنی کی تعریف کی اور حج کے  دوران عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی پر زور دیا  جس کا مقصد پاک سرزمین پر اللہ تعالی کے مہمانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔

اس  موقع پر کمپنی کے  سی ای او احمد عبداللطیف تمار نے کہا کہ کمپنی کے  انتہائی ہنر مند اور  پیشہ ور افراد نے وقت سے پہلے 100 فیصد انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

وزیر نے سی ای او کو مستقبل کے حج سے متعلق منصوبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔سی ای او نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اگست میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔

بعد ازاں چوہدری سالک حسین نے منیٰ، عرفات اور مزدلفہ کا  دورہ  کیا اور  انتظامات کا مشاہدہ کرنے کے بعد  اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر  سیکرٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن،  ڈائریکٹر جنرل (حج) جدہ/پاکستان حج مشن کے سربراہ عبدالوہاب سومرو،  ڈائریکٹر مکہ، فہیم آفریدی، ہیڈ آف میڈیکل مشن، بریگیڈیئر جمیل احمد لکھیار، ڈائریکٹر جنرل (حج) معین اصغر یوسفزئی اور دیگر حکام  وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔