ملتان، 19 مئی (اے پی پی ):ملتان پی ڈی نے شاہد آفریدی فاونڈیشن نیشنل پی ڈی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ چیمپئن شپ گریڈ ون کا ٹائٹل جیت لیا، ڈی ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس پر کھیلے گئے فائنل میں بہاولپور کو یکطرفہ مقابلے میں 6وکٹوں سے شکست ہو گئی۔
پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر انتظام، شاہد آفریدی فاونڈیشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے منعقدہ نیشنل پی ڈی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے موقع پرسابق ٹیسٹ کرکٹر مسرور انوار نے ملتان کے آل راونڈر زبیر سلیم کومسلسل چوتھی مرتبہ مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر مسرور انوار نے شاندار اور کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری و ٹورنامنٹ ڈائریکٹر امیر الدین انصاری کی کاوشوں کو خراج تحسین اور فاتح ٹیم ملتان کو مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ملتان ارشد گوپانگ ، صدر ملتان ڈسڑکٹ محمد ارسلان خان ،ظفر شیروانی ڈائریکٹر اسپورٹس ایمرسن یونیورسٹی،سہیل خان،سلیم تونسوی،روحیل بٹ ایم ڈی شیگان مدنی سی ای اواور بابر سلیم ڈائرکٹر شاہ جہان بلڈرز، ریجنل ہیڈ پی پی ڈی سی اے ملتان اور بہاولپور جمیل کامران، ٹورنامنٹ سیکریٹری محمد نظام،منظور لطیفی اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
قبل ازیں فائنل میں بہاولپور نے 127رنز اسکور کئے، عابد حسین اور مان نے 26۔26 رنز بنائے۔ زبیر سلیم نے26 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، محمد عرفان نے 3 جہانزیب ٹوانہ نے 2 وکٹ حاصل کیے۔ جواب میں فاتح ملتان نے19 ویں اوورز میں چار وکٹوں پر ہدف حاصل کر کے چوتھی بار ٹائٹل جیتا، ماجد حسین 5چوکوں کی مدد سے 45رنز بناکر ناقابل شکست رہے، محمد زمان علی 34 رنز اسکور کئے جس میں ایک چھکا اور 3 چوکے بھی شامل تھے۔