چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ترک وزیر خارجہ کی ملاقات

19

 

اسلام آباد،20 مئی ( اے پی پی ): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے پیر کو  پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں    دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی ا مور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ترکیہ برادر اسلامی ملک ہے اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے اور پائیدار تاریخی روابط ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ ترک  صدر طیب اردگان کے بین الاقوامی سطح پر امت مسلمہ کے لیے فعال کردار کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بطور وزیر اعظم پاکستان اپنے یادگار دورہ ترکیہ کا ذکر بھی کیا۔ چیئرمین سینیٹ کا مزید کہنا تھا کہ ترک تاجر پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔ چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تجارت میں اضافے کے لیے دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر بالخصوص مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر حکومت ترکیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر بمباری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ مشرق وسطیٰ اور فلسطین میں پائیدار امن کے قیام کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

ترک وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے ترکی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ترک وزیر خارجہ نے پارلیمانی وفودکے تبادلوں کو بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطے کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر سینیٹرز عرفان صدیقی، شیری رحمان اور سیکریٹری سینیٹ، سید حسنین حیدر بھی موجود تھے۔