سکھر؛اینٹی کرپشن کی ٹیم کی کارروائی،پٹواری کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا

14

سکھر،22مئی(اے پی پی): ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سکھر نعیم احمد عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھر کی انسداد بدعنوانی کی ٹیم نے سول جج/جوڈیشل مجسٹریٹ سکھر کی نگرانی میں مختار کار پنو عاقل کے دفتر میں پٹواری ( تپیدار ) محمد علی چاچڑ کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ رشوت کی رقم 15 ہزار روپے بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔ ان کے خلاف ایف آئی آر نمبر01 2024 درج کر لی گئی ہے۔ ملزم محمد علی چاچڑ کو سکھر کی انسداد بدعنوانی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت سے 6 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا اور مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پنو عاقل کے رہائشی اعجاز اندھڑ نے شکایت کی تھی کہ دیہیہ اندھڑکی کے تپیدار نے زمین کا کھاتہ بنانے کیلئے 5 لاکھ روپے رشوت مانگ رہے تھے۔جس کے بعد اینٹی کرپشن سرکل آفیسر صنم حاکم،ایس آئی پی دیدار حسین عباسی، اے ایس آئی خورشید میمن اور دیگر پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جوڈیشل مجسٹریٹ عبدالوحید عباسی کی نگرانی میں چھاپہ مار کر رشوت کی رقم وصول کرتے ہوئے تپیدار محمد علی کو گرفتار کر لیا۔

 انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر اینٹی کرپشن، چیئرمین اینٹی کرپشن فرحت اللہ جونیجو اور دیگر حکام کی ہدایت پر تمام سرکاری محکموں کے رشوت خور ملازمین کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے،اس لیے رشوت لینے والے ملازمین اپنا قبلہ درست کریں۔