وفاقی وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری و مواصلات عبدالعلیم خان سے جاپانی سفیر واڈا مٹسوہیرو کی ملاقات

28

 

اسلام آباد ، مئی 22 (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری اور مواصلات عبدالعلیم خان سے آج پاکستان میں جاپان کے سفیر  واڈا میتسوہیرو نے  ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ترقی کے حصول کے لیے جاپان کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور پاکستان میں جاری نجکاری کے عمل اور اس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان سٹریٹجک اور ضروری اداروں کے علاوہ تمام سرکاری اداروں کی نجکاری کرنے  کا ارادہ رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر نے جاپان کے سفیر کو پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے حکومتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا اور جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جہاں انہیں سرمایہ کاری پر بہت اچھا منافع ملے گا ۔  وفاقی وزیر نے پاکستان کی دیرینہ اور مسلسل حمایت پر جاپان کے سفیر اور حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جاپان کے سفیر نے معیشت اور سرمایہ کاری کو سپورٹ کرنے کے لیے موجودہ حکومت کے پالیسی اقدامات کو سراہا اور جاپان کے کامیاب نجکاری کے تجربات سے بھی آگاہ کیا۔