پشاور،22 مئی(اے پی پی): چیف منسٹر ایجوکیشن انڈو منٹ فنڈ کے تحت صوبے کے ذہین اورمستحق طلباءو طالبات میں سکالرشپ سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب بدھ کو یہاں وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں منعقد ہوئی ۔ وزیراعلیٰ سردار علی امین خان گنڈا پور تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی ، ایم این اے شاہد خان خٹک ، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے اعلیٰ حکام اور سکالرشپس حاصل کرنے والے طلباءو طالبات نے تقریب میں شرکت کی ۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر 65 طلباءو طالبات میں سکالرشپ سرٹیفکیٹس تقسیم کئے جن میں 19 پوسٹ گریجویٹ جبکہ 46 انڈر گریجویٹس سکالرشپس شامل ہیں۔
اس موقع پر تقریب کے شرکاءکو چیف منسٹر انڈومنٹ فنڈ کے تحت اب تک فراہم کی گئی سکالرشپس پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ چیف منسٹر ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ 940 ملین روپے کی سیڈ منی سے 2014 ءمیں قائم کیا گیا تھا جس کے تحت اب تک مجموعی طو رپر 546.47 ملین روپے کی لاگت سے 444 سکالرشپس فراہم کی جاچکی ہیں ۔منظور شدہ لیڈنگ نیشنل انسٹیٹیوٹس میں 107 گریجویٹس سکالرشپس فراہم کی گئیں جن پر 47 ملین روپے لاگت آئی ہے ۔ علاوہ ازیں 302 ملین روپے کی لاگت سے نیشنل انسٹیٹیوٹس میں ہی 327 انڈر گریجویٹس سکالرشپس دی گئی ہیں۔ اسی طرح دُنیا کی ٹاپ یونیورسٹیز میں تین ایم ایس اور سات پی ایچ ڈی سکالرشپس بھی فراہم کی گئیں جن پر 197.47 ملین روپے لاگت آئی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈا پور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکالر شپس حاصل کرنے والے طلباءو طالبات کو مبارکباد دی اور اُمید ظاہر کی کہ یہ طلباءاپنے مقصد کے حصول کیلئے انتہائی لگن اور محنت کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور ملک و قوم کا نام روشن کریں گے ۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر یتیم طلباءو طالبات کی فیسوں کی ادائیگی اور سکالر شپس کیلئے انڈومنٹ فنڈ کی رقم ایک ارب روپے سے بڑھا کر دو ارب روپے کرنے کا اعلان کیا۔ اُنہوں نے ایسے ذہین طلباءجو بیرون ممالک اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں مگر مالی طور پر کمزور ہونے کی وجہ سے ایسا نہیں کرپاتے ، اُن کو بھی سپورٹ کرنے کیلئے بجٹ میں رقم مختص کرنے کا اعلان کیا ۔
وزیراعلیٰ نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ذہین اور محنتی طلباءہمارا قیمتی اثاثہ اور فخر ہیں،نوجوانوں نے عظیم قوم بنانے میں کردار ادا کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ تعلیم کا شعبہ ہماری ترجیحات میں سر فہرست ہے، اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو مستحکم بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اُٹھائے جائیں گے ۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ میرٹ کی بالادستی اور حقدار کو حق کی فراہمی ہمارا وژن ہے جس پر ہم نے کبھی کوئی سمجھوتہ کیا نہ آئندہ کریں گے ۔ طلبہ محنت کریں ، اپنے مقصد پر نظر رکھیں ، حکومت ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی ۔