سیالکوٹ،23 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق گورنمنٹ سکولز میں 553 سٹوڈنٹس کونسلوں کے عہدیداروں نے حلف اٹھا لیا ہے، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین گورنمنٹ ہائی سکول (رنجھائی) ڈسکہ میں 40 سکولوں کی سٹوڈنٹس کونسلوں کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری میں مہمان خصوصی تھے، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ انور علی کانجو، سی ای او ایجوکیشن جاوید اقبال بابر، ڈی ای او ایلیمنٹری ایجوکیشن آفیسر مجاہد حسین علوی، ڈی ای او ایلیمنٹری ایجوکیشن آفیسر فی میل اسماء ڈار، ڈپٹی ڈی ای او فی میل طلعت رانا اور محمد اکرم اشرف کے علاؤہ متعلقہ سکولوں کے سربراہان نے تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر نے گورنمنٹ جامع ہائی سکول سیالکوٹ، اے سی پسرور قمر محمود منج نے قائد کالج پسرور اور اے سی سمبڑیال احسن ممتاز گوندل گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول میں سٹوڈنٹس کونسلوں کے نمائندوں سے حلف لیا۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے عہدے داروں کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ مڈل اور ہائی سکول کی سطح پر اسٹوڈنٹس کونسل کے انتخابات کا مقصد طلباء و طالبات میں جمہوریت اور جمہوری رویوں کو پروان چڑھانا ہے، منتخب عہدے دار سکول انتظامیہ کے دست و بازو بنیں گے تو دوسری جانب اپنے ساتھی طالب علم ساتھیوں کی حق نمائندگی ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹوڈنٹس کو نظم و ضبط کو قائم رکھنے میں اپنے اساتذہ کی نیابت کرنی ہے اور نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کو اپنے اداروں میں فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالب علموں کو اعلیٰ اخلاقی اقدار کا عملی نمونہ بننا ہوگا اور اختلاف رائے کا احترام کرنا سیکھنا ہوگا، کیونکہ وہی قومیں دنیا میں آگے بڑھتی ہیں جو تعلیم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے ہیں اور ساتھ ساتھ اخلاقی اقدار کو بھی پروان چڑھاتی ہیں۔ تقریب میں پرائمری سکول کے بچے، بچیوں نے قومی ثقافت کو نمایاں کرنے کیلئے خوبصورت ملی نغموں پر پرفارم بھی کیا۔