کسانوں کے مفادات کا تحفظ ہمارا ایجنڈا اور اولین ترجیح ہے؛رانا تنویر حسین

32

اسلام آباد، 24مئی( اے پی پی):وفاقی وزیر  صنعت و پیداوار اینڈ فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت خریف سیزن میں یوریا  کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے، کسانوں کے مفادات کا تحفظ ہمارا ایجنڈا اور اولین ترجیح ہے۔

فرٹیلایزر کی سپلائی چین اور قیمتوں کے امور کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو سپلائی چین اور قیمتوں کے تعین کا جائزہ لے گی اور اپنی سفارشات پیش کرے گی،سپلائی چین کو یقینی بنانے کیلئے دو لاکھ میٹرک  ٹن یوریا امپورٹ کر رہے ہیں، اس سلسلے میں ای سی سی  اور کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔

رانا تنویر نے کہا کہ بلیک مارکیٹنگ  کو کنٹرول کرنے کیلئے مربوط اور موثر حکمت عملی تشکیل دی جارہی ہے، وزارت انڈسٹری اور کامرس مناسب نرخ پر امپورٹ کو یقینی بنائے گی، وفاق اور صوبے ملکر  عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔

چیف این ایف ڈی سی نے اجلاس کو یوریا کی دستیابی اور مارکیٹ میں قیمتوں کے اعداد و شمار پر بریفننگ دی۔

اجلاس میں سید خورشید شاہ،  سید نوید قمر،  نواب یوسف تالپور، فتح اللہ خان ، رشید احمد خان ،محمد معین وٹو، احمد رضا مانیکا چوہدری، افتخار نزیر، وفاقی سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی  محمد فخر عالم ،وفاقی سیکرٹری انڈسٹری وسیم اجمل چوہدری بھی شریک تھے۔