بلوچستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے قابل عمل پالیسیاں مرتب کی جاررہی ہیں ؛وزیر اعلیٰ  میر سرفراز بگٹی

23

زیارت، 24 مئی (اے پی پی ) :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ زیارت سمیت بلوچستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے قابل عمل پالیسیاں مرتب کی جاررہی ہیں سیاحتی فروغ کے قابل عمل منصوبوں کے لئے بلا تاخیر وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے زیارت ویلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے گورننگ باڈی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی  نے کہا کہ زیارت کو پاکستان کا خوبصورت سیاحتی مقام بنایا جائے گا جس کے لئے مری و  گلیات کی طرز پر منصوبہ بندی کی جائے گی ،ان منصوبوں میں لوکل گورنمنٹ کے منتخب نمائندوں کی مشاورت کو اہمیت دی جائے گی اور ضلع کونسل کے علاوہ میونسپل کمیٹی کو بھی اتھارٹی میں نمائندگی حاصل ہوگی۔

 وزیر اعلیٰ نے پروجیکٹ ڈائریکٹر زیارت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ سیاحتی منصوبہ بندی کے لئے  گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تجربات سے استفادہ کرنے کے لئے وہاں کا دورہ کیا جائے اور جامع سفارشات پر مبنی ڈرافٹ مرتب کرکے گورننگ باڈی میں منظوری و عمل درآمد کے لئے پیش کیا جائے۔