بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سیاسی وابستگی سے بالاتر تمام غریب و مستحق افراد کی مدد کررہا ہے؛ روبینہ خالد

20

صوابی، 24مئی (اے پی پی): بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن روبینہ خالد  نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  سیاسی وابستگی سے بالاتر تمام غریب و مستحق افراد کو مالی معاونت فراہم کررہا ہے، یہ رقم غریب لوگوں کا حق ہے،مستحق خواتین کو باعزت اور شفاف طریقے سے رقوم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔

 ان خیالات کا اظہارچیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے  جمعہ کو یہاں   بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ادائیگی مراکز  کے دورے کے دوران کیا۔چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد کے صوابی دورے کا مقصد مستحق خواتین میں ادائیگیوں کی تقسیم کے عمل اور سہ ماہی بینظیر کفالت وظیفہ حاصل کرنے والوں  کو فراہم کردہ ضروری انتظامات اور سہولیات کا  جائزہ لینا تھا۔

اپنے دورے کے دوران روبینہ خالد نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین سے براہ راست بات چیت کی، ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے  ضرورت مند خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ  وہ صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سرکاری نمبر 8171 سے پیغام موصول ہونے پر ادائیگی مرکز پرتشریف لائیں۔

روبینہ خالد نے واضح اعلان کیا کہ کفالت کی اس قسط میں وصول کی جانے والی کل رقم  10500روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ پوری رقم گن کر وصول کریں اور بینک کی رسید طلب کریں۔ کسی بھی کٹوتی کی صورت میں فوری طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیلپ لائن نمبر 080026477 پر شکایت درج کرائیں ۔

عملے کو ہدایت دیتے ہوئے روبینہ خالد نے کہا کہ بزرگ اور بالخصوص ایسی خواتین جن کے بچے چھوٹے ہیں انہیں ترجیحی بنیادوں پر رقوم کی ادائیگی کی جائے۔  انہوں نے مزید کہا  کہ وہ  ٹوکن جاری کرتے وقت مستحق خواتین کو ان کی رقم سے بھی آگاہ کریں۔

بعد ازاں، روبینہ خالد نے صوابی میں بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے دفتر کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے عملے کو دفتر  میں صفائی ستھرائی اور  مستحق خواتین کیلئے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے عملے سے کہا یہ پروگرام شہید بینظیربھٹو کے نام سے وابستہ ہےاس کا ہرگز غلط استعمال نہیں ہونا چاہیئے۔

میڈیا کہ ایک نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ، چیئرپرسن روبینہ خالد نے کہا کہ 95 لاکھ سے زائد خاندان اس پروگرام سے مستفید ہورہے ہیں۔ مستحق گھرانوں کیلئے سروے کا عمل جاری ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت جلد ہی تکنیکی مہارت اور چھوٹے قرضوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ غریب افراد  اپنے پاؤں پر کھڑے ہوکر غربت سے باہر نکل سکیں۔