ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں عید الاضحیٰ کے موقع پر مثالی انتظامات کی تیاریاں شروع

26

ڈیرہ غازی خان،24 مئی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں عید الاضحیٰ کے موقع پر مثالی انتظامات کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔میونسپل سروسز سے متعلق محکموں میں عید کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔شہر میں لائے گئے مویشی ضبط اور بھاری جرمانوں کی بھی تنبیہ کردی گئی ہے۔

اس حوالے سے اجلاس کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران شریک تھے ۔اجلاس میں عید الاضحیٰ سے متعلق ہدایات جاری کی گئیں ۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کہا کہ قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت کےلئے مویشی منڈیاں اور  سیل پوائنٹس سات جون سے فنکشنل کردی جائیں۔اس کے علاوہ مویشی منڈیوں  میں میڈیکل،1122،لائیو سٹاک اوردیگر محکموں کے کیمپس فعال رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی و اضلاعی چیک پوسٹوں،داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی اور محکموں کے نمائندے ہفتہ کے ساتوں دن اور چوبیس گھنٹے راستوں کی نگرانی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن اور ضلع کی حدود میں داخل ہونے والے ہر مویشی کو کانگو سے بچاؤ کےلئے  سپرے اور ویکسی نیشن ہوگی اور تمام مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس پر کیمرے نصب کئے جائیں۔

کمشنرنے کہا کہ مویشی منڈیوں اور مقررہ سیل پوائنٹس کے علاؤہ قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت پر پابندی ہوگی۔قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کےلئے گھر گھر بیگز تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کی طرف سے کھال وصول کرنے اور کیمپس لگانے پر پابندی برقرار رہے گی۔