نیویارک، 24 مئی (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کی زیر قیادت کمیٹی برائے اطلاعات نے اپنے 46ویں اجلاس میں قابل اعتماد، درست اور بروقت معلومات کی ضرورت پر زور دیا اور متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں غلط معلومات و خبروں کی روک تھام، پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کو آگے بڑھانے اور نفرت انگیز تقاریر اور تشدد پر اکسانے کا مقابلہ کرنے کے لیے میڈیا اور ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اطلاعات کی کمیٹی (COI) نے آج اپنے 46ویں اجلاس کے اختتام پر یہ متفقہ سالانہ قرارداد منظور کی۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندے، سفیر عثمان جدون کی زیر صدارت اس سیشن میں انڈر سیکرٹری جنرل برائے گلوبل کمیونیکیشن میلیسا فلیمنگ بھی موجود تھیں۔اطلاعات کی کمیٹی (COI) جنرل اسمبلی کا ایک ذیلی ادارہ ہے جو عوامی معلومات کے مسائل کو حل کرتا ہے، محکمہ گلوبل کمیونیکیشن (DGC) کی نگرانی کرتا ہے اور جنرل اسمبلی کے مقاصد کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے اس کی پالیسیوں، پروگراموں اور سرگرمیوں کی رہنمائی کرتا ہے۔
سفیر عثمان جدون نے کہا کہ یہ قرارداد ان چیلنجوں کو تسلیم کرتی ہے جو میڈیا کے تیزی سے بدلتے ہوئے منظر نامے سے پیدا ہوتے ہیں، بشمول غلط خبروں اور غلط معلومات کا پھیلاؤ۔انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد رکن ممالک سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ میڈیا اور ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دیں تاکہ پائیدار ترقی کے اہداف کو آگے بڑھایا جا سکے اور نفرت انگیز تقریر اور تشدد پر اکسانے کے رجحان سمیت موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ رکن ممالک اور ڈی جی سی مستند معلومات تک رسائی کے ذریعے زیادہ پرامن، شفاف اور جامع دنیا کو فروغ دیتے ہوئے قرارداد کی دفعات پر عمل درآمد کریں گے۔
سفیر جدون نے انڈر سیکرٹری جنرل فلیمنگ، اطلاعات کی کمیٹی (COI) سیکرٹریٹ اور ممبر ممالک کے مندوبین کا بطور چیئر کے اپنے دور میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔انڈر سیکرٹری جنرل فلیمنگ نے قرارداد کی متفقہ منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے کثیرالجہتی کی جیت قرار دیا۔پاکستان دو سال کی مدت (2023-24) سے کمیٹی برائے اطلاعات کی سربراہی کر رہا ہے۔