اسلام آباد،27مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ آنے والی نسلوں کیلئے ایک بہترین پاکستان بنانا ہے جس کیلئے سب کو مل کر محنت کرنا ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں پاکستان ٹوبیکو لانچ کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ تمباکو کے شعبے میں پاکستان ٹوبیکو کمپنی (پی ٹی سی) پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی کی جانب سے برآمدات کے شعبے قدم رکھنا ایک اہم کامیابی ہے ۔
جام کمال نے کہا کہ مختلف اشیاء کی ویلیو ایڈیشن کی ضرورت ہے اور پی ٹی سی اس میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈ ان پاکستان اشیاءکا بیرون ملک جانا پاکستان کی اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور حکومت خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتی ہے۔پاکستان میں کاروبار کے ماحول کو دوستانہ بنایا جا رہا ہے اور جلد ہی کاروبار بڑھنے سے معیشت بھی بہتر ہوگی۔
وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان اپنی ایکسپورٹ میں اضافے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جیسا ہمارا سٹرکچرل سسٹم ہے اس میں فیصلے کرنا آسان کام نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اگر کھڑی ہوجائے تو پاکستان کی جلد ترقی کی منازل طے کر لے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بزنس کمیونٹی کو سہولیات مہیا کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام وزارتوں کے ساتھ مل کر ایک کمیٹی بنائی گئی ہے اور سب کا مقصد ایک ہی کہ پاکستان کو معاشی طور پر خوشحال بنانا ہے۔