کوئٹہ، 27 مئی (اے پی پی):بلوچستان اسمبلی نے یوم تکبیر کی مناسبت سے تہنیتی اور ضلع واشک میں کیڈٹ کالج کے قیام کیلئے آئندہ بجٹ میں رقم مختص کرنے کی قرار داد یں منظور کرلیں جبکہ ڈیفنس ہاؤسنگ سکیم اتھارٹی کوئٹہ کے ترمیمی آرڈیننس 2024 کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔
بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پیر کو سپیکر کیپٹن (ر)عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سکیورٹی فورسز کے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔ اجلاس سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرا پوزیشن ساتھ نہیں دینا چاہتی تو ہم خود بھی فیصلے کرسکتے ہیں ، وزیرا عظم محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کرنے میں خود اکیلا بھی جاسکتا تھا مگر اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی کو بھی ساتھ لے کر بجلی کے مسئلے پر بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اسمبلی کو مستحکم کرے، حکومتی اراکین اپنے فیصلے خود کرسکتے ہیں مگر اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں ، ایس بی کے کے مسئلہ پرکل(منگل) ایک اہم اجلاس بلایا ہے ، اپوزیشن کے معزز اراکین بھی اجلاس میں شرکت کریں۔
اسمبلی اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان آصف ریکی ایڈووکیٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ ایس بی کے کے تقرریوں کے معاملے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اس پر ایوان میں بحث نہیں ہوسکتی ، جس کے بعد ایوان نے ایس بی کے کے معاملے کو نمٹا دیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے یوم تکبیر کے حوالے سے تہنیتی قرارداد پیش کی ۔
قرارداد میں صوبائی وزیر نے موقف اختیار کیا کہ 28مئی 1998کو دنیا کی 7ویں اور عالم اسلام میں پہلی ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا ، ایٹمی دھماکوں سے پاکستانی قوم اور دنیا اسلام کا سر فخرسے بلند ہوا ، یہ کارنامہ پاک فوج ، سیاسی قیادت اور سائنسدانوں کی کاوشوں سے ممکن ہو ا، ایٹمی دھماکوں سے پاکستانیوں کی علاقائی سالمیت ، آزادی اور خودمختاری کا تحفظ ممکن ہوا ، پاکستان جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پر عزم ہے،بلوچستان اسمبلی سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو ایٹمی دھماکے کرانے پر خراج تحسین پیش کرتی ہے ، ملک کی سالمیت ، ترقی اور دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، ملک کی سالمیت اور اداروں کے خلاف کی جانے والی اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنائیں گے ، پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، وطن عزیزکیلئے قربان ہونے والے سکیورٹی فورسز کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔
صوبائی وزیرآبپاشی میر صادق عمرانی نے کہا کہ قرارداد میں ذوالفقار علی بھٹو کا نام بھی شامل کیا جائے ۔ صوبائی وزیر زراعت علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستانی کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی ۔ سپیکر نے ایوان کی رائے سے بلوچستان اسمبلی میں یوم تکبیر کے حوالے سے تہنیتی قرارداد کو مشترکہ طور پر منظو ر کرلیا۔
صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے بلوچستان اسمبلی میں سی پیک کی خصوصی کمیٹی کے حوالے سے تحریک پیش کی ۔ ایوان نے سی پیک کی خصوصی تحریک پیش کرنے کی منظوری دیدی۔
وزیرا علیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ میں صوبائی اسمبلی کے تمام اراکین کو آن بورڈ رکھنا چاہتا ہوں ، سی پیک وفاقی حکومت کا پراجیکٹ ہے ، سی پیک میں بلوچستان کا اہم رول ہے ، سی پیک کا دوسرامرحلہ شروع ہونے والا ہے یہ بلوچستان کا حصہ ہے اس کے اثرات صوبے میں نظر آرہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ سی پیک کے حوالے سے ایک خاص کمیٹی بنائی جائے جس کے ذریعے وفاق کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جائے ۔
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی میر زابد ریکی نے واشک میں کیڈٹ کا لج کے قیام کیلئے آئندہ بجٹ میں رقم مختص کرنے کی قرار داد پیش کی ۔ انہوں نے قرار داد میں موقف اختیا ر کیا کہ مقامی سطح پر اعلی تعلیم کے مواقع میسر نہ ہونے پر غریب طلبا تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں۔ واشک میں کیڈٹ کالج کے قیام کیلئے 2024-25کے بجٹ میں رقم مختص کی جائے ۔
ایوان نے ضلع واشک میں کیڈٹ کالج کے قیام کیلئے آئندہ بجٹ میں رقم مختص کرنے کی قرار داد منظور کرلی ۔ سپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی نے گورنر کا تحریری آرڈر پڑھ کر صوبائی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا۔