پاکستان نے ترقی اور استحکام کے لیے تعلیم کے شعبے پر پیسے خرچ کرنا ہوں گے؛چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان

40

 

اسلام آباد ،27 مئی  (اے پی پی):چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ  پاکستان نے ترقی اور استحکام کے لیے تعلیم کے شعبے پر پیسے خرچ کرنا ہوں گے ،سکل ڈویلپمنٹ کے لئے محمد شہباز شریف نے سنگاپور ،چائنہ اور جاپان  کے ماڈل سامنے رکھے اور پالیسی بنائی۔

آج سپیرئیر یونیورسٹی میں وزیر اعظم یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ ہمارا مقصد کسی ایک صوبے کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ترقی ہے،ہم پاکستان کا سب سے بڑا یوتھ ڈویلمنٹ فنڈز لارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم  پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈز بنا رہے ہیں جس میں پورے پاکستان کے طلبا وطالبات اپنے ٹیلنٹ کے ذریعے حصہ لے سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس بار سب طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ دے رہے ہیں جس میں سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ نجی تعلیمی اداروں کے بچے بھی شامل ہیں۔

رانا مشہود نے کہا کہ ہم اس سال آئی ٹی پر بہت زیادہ خرچ کررہے ہیں تاکہ  یہ  انڈسٹری بہتر انداز میں ترقی کرے اور اس سے  جلد ہی پاکستان میں دس سے بارہ لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہونگی اس کے علاوہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے قطر کے ساتھ معاہدے بھی ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یوتھ منسٹر کی چیئرمین شپ پچاس سال بعد ہمیں ملی ہے جس سے چھپن ممالک کے ساتھ مل کر سپیرئیر یونیورسٹی اور دیگر طلبا کو ملازمتیں ملی ہیں ،ہم ایک نیشنل یوتھ کونسل بنارہے ہیں جس میں بارہ کیٹیگریز شامل ہیں اور اس سے سو بہترین بچے اس کونسل کے ممبر بنیں گے،گرین یوتھ موومنٹ کے تحت پاکستان میں 103چیپٹر بناچکے ہیں اور امید ہے سپیرئیر یونیورسٹی میں بھی یہ بنے گا۔

قبل ازیں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود کی سپیرئیر یونیورسٹی آمد پر طلبا و طالبات نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان اور ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ اس موقع پررانا مشہود احمد خان نے سپیریئر یونیورسٹی کی ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان کے ساتھ بھی ملاقات کی جس میں ڈاکٹر سمیرا رحمان نے چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام کو سپیریر یونیورسٹی کی سٹیٹ آف دی آرٹ فسیلٹیز اور اینوویٹو پروگرامز سے متعارف کروایا ۔اس موقع پر رانا مشہود نے یونیورسٹی کا دورہ کیا اور فیکلٹی ممبران اور ڈینز سے بھی ملاقات کی۔