میرپورخاص ؛ آموں اور موسمی پھلوں کی 56ویں قومی نمائش میں میگا میوزیکل نائٹ 2 جون کو گاما اسٹیڈیم میں منعقد ہو گی

44

 

میرپور خاص،27 مئی  ( اے پی پی):  صوبائی وزیر سیاحت، ثقافت و نوادرات سندھ سید ذوالفقار علی شاہ کی ہدایات پر محکمہ ثقافت نے میرپورخاص میں آموں اور موسمی پھلوں کی 56ویں قومی نمائش  کے سلسلے میں میگا میوزیکل نائٹ 2 جون 2024 کو شام 7 بجے سے گاما اسٹیڈیم میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 31 مئی سے 2 جون 2024 تک دستکاری اور سیاحتی نمائش شہید محترمہ بینظیر بھٹو مینگو ایگزیبیشن ہال میں منعقد ہوگی۔

 اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل سندھ سیاحت و ثقافت  منور علی مہیسر، ڈائریکٹر حبیب اللہ میمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز شیر محمد مہر، عزیز چانڈیو  پر مشتمل  سیاحت، ثقافت  کے  وفد نے  ایوان صحافت  میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا کہ  صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ کی ہدایات پر محکمہ ثقافت پہلی بار اس فیسٹیول کو کامیاب بنانے کے لیے ایک بڑے پروگرام کا انعقاد کر رہا ہے، جن میں مشہور فنکاروں کی شرکت ہے۔  نامور فنکار سندھی اور اردو زبانوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میگا مینگو فیسٹیول میرپورخاص کی  قومی اور بین الاقوامی سطح پر  پہچان حاصل کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میلے کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید کامیاب بنانے کے لیے سب مل کر کام کریںگے۔