فیصل آباد ٹریفک پولیس کا شدید گرمی کے ستائے مسافروں کے لیے ٹھنڈے مشروبات کی سبیلوں کا اہتمام

21

 

فیصل آباد، 27  مئی (اے پی پی): فیصل آباد ٹریفک پولیس نے شدید گرمی کے ستائے  مسافروں  کے لیے چالان کی بجائے ٹھنڈے مشروبات کی سبیلیں لگا دیں۔سیکٹر انچارج ڈی گراوئنڈ رانا راوف نے اے پی پی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ افسران بالا کی ہدایات کے تحت سیکٹر ڈی گراوئنڈ ٹریفک پولیس ٹیم نے شدید ترین گرمی کے ستائے ہوئے مسافروں کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت ٹھنڈے مشروبات کا اہتمام کیا ہے تا کہ یہاں سے گزرنے والے دور دراز سے آنے والے وین،بس رکشہ،موٹر سائیکل سواروں اور دیگر راہ گیروں کو گرمی سے بچانے کیلئے ٹھنڈے مشروبات پلائیں جائیں۔انہوں نے کہا کہ آج اس45 ڈگری کی جھلسانے والی گرمی میں مسافروں اور راہ گیروں کے چالان نہیں کئے جا رہے بلکہ ٹھنڈے اور میٹھے پانی سے انکی خدمت کی جا رہی ہے تاکہ مسافر گرمی سے بچ سکیں۔

سیکٹر انچارج ڈی گراوئنڈ رانا راوف نے کہا کہ ٹھنڈے مشروبات ٹریفک پولیس کے دیگر پوائنٹس پر بھی پہنچائے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اور خاص کر ان مسافروں کو پانی پلایا جائے جنکو راستے میں پانی میسر نہیں ہوتا تاکہ انہیں شدید ترین گرمی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی عوام و مسافروں کیلئے ایسے اقدامات کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر ٹھنڈے مشروبات سے مستفید ہونے والے مسافروں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کا اپنے شہریوں سے محبت اور خدمت کا یہ جزبہ قابل تعریف ہے اور اللہ پاک انچارج سیکٹر ڈی گراوئنڈ اور انکی ٹیم کو جزائے خیر عطا فرمائے۔مسافروں نے مزید کہا کہ چالان کرنے کی بجائے مشروبات پلانا ٹریفک پولیس کا انتہائی احسن اقدام ہے اور اس سلسلے میں سیکٹر انچارج رانا راوف اور انکی ٹیم کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔