ملتان؛شیلٹر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تحت سکولوں میں ٹائلٹس اور ریمپس کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح

18

ملتان،28 مئی(اے پی پی):شیلٹر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تحت سکولوں میں ٹائلٹس اور ریمپس کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کردیا گیا ہے۔یہ افتتاح سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب انجینئر امجد شعیب خان ترین نے منگل کے روز گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول مون لائٹ نیو ملتان میں کیا۔

سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب انجینئر امجد شعیب خان ترین نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینے کا صاف پانی اور سیوریج کی سہولت بنیادی ضروریات میں شامل ہیں اور یہ سہولیات اچھی صحت کے لئے انتہائی اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محدود وسائل کے باوجود سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور کوشش کررہی ہے۔

سیکرٹری سروسز نے کہا کہ غیر سرکاری تنظیمیں اور اہل ثروت حضرات آگے بڑھیں اور سماجی خدمت میں اپنا  کردار ادا کریں اور کہا کہ پوری دنیا میں این جی اوز  تعمیروترقی میں حکومتوں کے شانہ بشانہ کام کرتی ہیں،بنگلہ دیش کی ترقی میں این جی اوز کا بہت اہم کردار ہے۔

انجینئر امجد شعیب خان ترین نے انجمن تاجران اور ایسی دیگر تنظموں پر زور دیا کہ وہ  اپنے ایریا میں واقع سرکاری سکولوں کو اپنائیں اور ان سکولوں کی تعمیرو ترقی میں کرار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ سکولوں میں سٹوڈنٹس کی تعداد کے تناسب ٹائلٹس تعمیر کی جائیں۔ سیکرٹری سروسز نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کو سہولیات کی فراہمی  ہم سب کی ذمہ داری ہے۔اس سلسلے میں حکومت نے تمام سرکاری اداروں میں خصوصی افراد کے لئے ریمپس  بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

شیلٹر ڈویلمپنٹ آرگنائزیشن کے صدر محمد رضوان ملک نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف اداروں میں9  ٹائلٹس تعمیر کی ہیں ۔سرکاری سکولوں میں6 اور پرائیویٹ سکولوں میں3 ٹائلٹس تعمیر کی گئی ہیں۔اس کے علاوہ سرکاری سکولوں میں خصوصی بچوں کے لئے 4 ریمپس  بھی تعمیر کئے گئے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹائلٹس اور ریمپ کی تعمیر کا پراجیکٹ ایف ڈی او اور ڈبلیو ایچ ایچ کے مالی تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔

افتتاح کے موقع پر ڈی ای او سیکنڈری سکولز شیخ رشید، وائس پرنسپل گورنمنٹ مون لائٹ سکول  شاہدہ بابر ، سوشل ویلفئیر آفیسر اقبال سہو، کوآرڈنیشن آفیسر ایف ڈی او میاں توقیر اورصدر شیلٹر ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن محمد رضوان ملک بھی موجود تھے۔

۔