یوم تکبیر،ایٹمی دھماکوں کے 26 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد

12

 

اسلام آباد، 28مئی ( اے پی پی): ایٹمی دھماکوں کے 26 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا،یوم تکبیر کے دن کی مناسبت سے پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں  مانگی گئی۔صدر مملکت، وزیراعظم، عسکری قیادت،وزراء، سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے قوم کو مبارکباد پیش کی گئی۔

قائمقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست کے طور پر تنازعات کے پرامن حل پر پختہ یقین رکھتا ہے،اپنے جوہری اثاثوں کی حفاظت کیلئے ہم نے بین الاقوامی معیار پر سختی سے عمل کرتے ہوئے مؤثر کنٹرول اور جامع حفاظت کیلئے اقدامات کئے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 28مئی یومِ تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کیلئے ایک جھنڈے، سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے۔اس تاریخی دن، 1998 میں، وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ملک بنانے کے لیے اعصاب شکن دباؤ اور ترغیبات کو مسترد کرتے ہوئے جرات مندانہ قیادت کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو بھی ،ان کی تزویراتی دور اندیشی اور اس مقصد کے لیے غیر متزلزل عزم پرخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی طاقت بننے کا خواب ہمارے تجربہ کار سائنسدانوں، ماہر انجینئرز، بہادر مسلح افواج اور اس کی سیاسی قیادت کے عزم اور انتھک جدوجہد کی بدولت شرمندہ تعبیر ہوا۔

ملک کی اعلیٰ عسکری قیادت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیف نے افواج پاکستان کی جانب سے یوم تکبیر کی 26ویں سالگرہ پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے جوہری تجربات کی تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے، جس نے کامیابی سے قابل اعتبار کم از کم ڈیٹرنس قائم کیا اور خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات،قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے یوم تکبیر کی 26 ویں سالگرہ پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 26 برس قبل پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی جبکہ دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا،اس دن پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا۔

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اینڈ فوڈ سکیورٹی رانا تنویر نے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی اعلیٰ قیادت بالخصوص سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اعلی فوجی قیادت اور پاکستان کے سائنسدانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کے مصمم ارادے اور حوصلے کی وجہ سے پاکستان کا دفاع ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر ہو گیا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ 28 مئی 1998 کاملک کا دفاع نا قابلِ تسخیر بنانے والے لیڈر میاں محمد نواز شریف سمیت تمام سائنسدان، انجینئر ، تکنیکی ماہرین اور سیکیورٹی اہلکار خراج تحسین کے مستحق ہیں۔