وزا رت خارجہ کے زیر اہتمام پاکستان کے بدھ مت کے ورثے پر سمپوزیم اور نمائش کا انعقاد

24

 

اسلام آباد،28مئی  (اے پی پی):وزا رت خارجہ کے زیر اہتمام پاکستان کے بدھ مت کے ورثے پر سمپوزیم اور نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش کا  مقصد پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کو ظاہر کرنا اور حکومت کی جانب سے بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالہ سے اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ۔
سری لنکا کے بدھاساسن، مذہبی اور ثقافتی امور کے وزیر ویدورا وکرمانائیکا افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی تھے جبکہ استقبالیہ کلمات ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ سفیر مریم مدیحہ آفتاب نے پیش کئے۔ افتتاحی سیشن سے ممتاز بدھ بھکشوئوں اور سکالرز نے بھی خطاب کیا۔ ان میں ویتنام سے  تھچ ڈوٹوان، تھائی لینڈ سے انیل ساکیا، نیپال کے سکالر اور سیاست دان اوم چرن اماتیا، سٹیفانو ڈیوڈ بیٹیرا، صدر، یورپی بدھسٹ یونین اور لی زیگوانگ، ڈائریکٹر پاکستان ، ثقافت اور مواصلاتی مرکز سنگھوا یونیورسٹی بیجنگ شامل تھے۔   کینیڈی (سری لنکا ) کے قدیم راجامہ وہارایا کے چیف انکمبینٹ دھیمبولکمبورے سری سرانکارا وملادھما تھیرا کا ایک پیغام بھی ٹیمپیٹیے انڈویمالا نے پڑھ کر سنایا۔

افتتاحی سیشن میں اپنے کلیدی خطاب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے مختلف کمیونٹیز کے درمیان رابطہ بڑھانے،  مشترکہ اقدار کو منانے اور زیادہ پرامن دنیا کے لئے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گندھارا جس نے متنوع ثقافتی اثرات کو اکٹھا کیا، اس بات کی ایک طاقتور علامت ہے کہ افہام و تفہیم اور تعاون کے ذریعے کیا حاصل کیا جا سکتا ہے۔

شرکاء سمپوزیم کے بعد کے سیشنز میں گندھا را کے  ورثے کی مختلف جہتوں کو تلاش کریں گے جو تین ہزار سال قبل پاکستان کے شمال مغرب میں ہیلینسٹک اور مقامی فلسفیانہ اور ثقافتی روایات کے درمیان تعامل سے ابھرے تھے۔

وزارت خارجہ 28، 29 مئی کو “گندھارا سے دنیا تک” کے عنوان سے ایک سمپوزیم اور  نمائش کا اہتمام کر رہی ہے۔ اس نمائش میں اسلام آباد میں مقیم سفارتکاروں، حکومتی عہدیداروں، سکالرز، فنکاروں اور فن سے محبت کرنے والوں کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔ تقریب میں سری لنکا، نیپال، تھائی لینڈ اور ویتنام بشمول وزارتی سطح کے تقریباً 25 غیر ملکی مندوبین شریک ہیں ۔ اس تقریب کا اہتمام ‘ویسک ڈے’ کے سلسلے میں کیا جا رہا ہے جو بھگوان بدھا کی پیدائش، روشن خیالی اور موت کی یاد میں منایا جاتا ہے۔