دوشنبہ ،29 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے تاجکستان کے دورے کے دوران آج وزیر اعظم تاجکستان قاہر رسول زادہ سے دوشنبہ میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور اہم امور پربات چیت کی گئی۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے قاہر رسول زادہ کاکہنا تھا کہ دو طرفہ تعاون کیلئے تاجکستان کے دورازے ہمیشہ کھلے ہیں۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کرغزستان، ازبکستان اور قازقستان کے وزراء سے بھی ملاقاتیں کیں۔وفاقی وزیر نے کرغزستان کے وزیر ٹرانسپورٹ تلک تکی باوے، قازقستان کے ڈپٹی ٹرانسپورٹ منسٹر مقسط کے۔ کالیک پارو اور ازبکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ ماخکامووالہام سے بھی ملاقات کی اوردو طرفہ تجارتی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے تاجکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ اور میزبان عظیم ابراہیم کے ساتھ اہم مشاورتی اجلاس کے علاوہ تاجکستان کے وزیر برائے مادی ذخائر احمد زادہ نور مہمد سے بھی ملاقات کی اورپاکستان سے تاجکستان کو چینی، آلو، ٹیکسٹائل اور لائیو سٹاک سمیت مختلف اشیائے خوردونوش کی برآمد کی پیشکش کی۔
وزراء سے ملاقاتوں میں وسط ایشیائی ریاستوں کیلئے دو طرفہ تجارت اور شاہرات سے منسلک ہونےاور سینٹرل ایشیا کے ممالک سے بزنس ٹو بزنس و گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ تجارت پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ۔