لاہور، 29 مئی(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اپٹما ہاؤس کا دورہِ کیا، ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ صنعتکاروں سے ملاقات کی اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
چیئرمین اپٹما نارتھ زون کامران ارشد ،سینئر وائس چیئرمین اسدشفیع اور دیگر نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے برآمدی اہداف اور مسائل پر روشنی ڈالی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر قومی معیشت کا اہم شعبہ ہے، جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے کیونکہ لاکھوں لوگوں کا روزگار اس اہم سیکٹر سے وابستہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر میں بہتری کی بہت گنجائش موجود ہے۔ یہ سیکٹر سماجی و معاشی لحاظ سے بے حد اہمیت کا حامل ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کے لئے 2 ہزار ایکڑ رقبے پر گارمنٹ سٹی بنارہی ہے
انھوں نے کہا کہ پنجاب کے صنعتی مراکز میں سرمایہ کاریوں کو بہترین مراعات دی جارہی ہیں۔ انڈسٹری کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی پلاننگ کی گئی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں سولر پینلز کی مینو فیکچرنگ کے کارخانے لگانے کیلئے کوشاں ہیں۔ اس حوالے سے 15سے زائد غیر ملکی سولر کمپنیوں سے سود مند ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ چئیرمین اپٹما نارتھ زون کامران ارشد نے کہا کہ گارمنٹ سٹی کا منصوبہ پنجاب کی معشیت بدل سکتا ہے، اپٹما کا اس سال برآمدی ہدف 18ارب ڈالر ہے جبکہ 14ارب ڈالر کی برآمدات کرچکے۔
چئیرمین اپٹما نے کہا کہ انڈسٹری نازک موڑ پر ہے، صنعت کا پہیہ رواں دواں رکھنے کیلئے حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چئیرمین پیڈمک جاوید اقبال، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن ،ڈی جی انڈسٹریز اور ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ صنعتکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔