اسلام آباد،30مئی(اے پی پی):قائمقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
قائمقام صدر نے ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ اور محصولات محمد اورنگزیب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی، وزیرِ خزانہ نے عوام دوست بجٹ کی تیاری کے بارے میں قائمقام صدر کو بریفنگ دی۔ وزیرِ خزانہ نے قائمقام صدر کو مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگائی میں واضع کمی حکومت کی مسلسل اور غیر متزلزل اقدامات کا ثمر ہے۔ قائمقام صدر نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے اور محصولات بڑھانے کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔