اسلام آباد، 30 مئی(اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا ہےکہ پاکستان میں ہر شعبے میں بےپناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ملک کے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اورہر باصلاحیت بچے کو پلیٹ فارم فراہم کرناحکومت کی اولین ترجیح ہے۔ جمعرات کو نیشنل اسٹریٹ چلڈرن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کا کہنا تھا کہ یوتھ کے معاملات وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہیں، ہم پاکستان ایجوکیشن اینڈ سپورٹس اینڈومنٹ فنڈز بنانے جا رہے ہیں اور جلد ہی والینٹیر کور بھی تشکیل دیں گی، انشاء اللہ جلد پاکستان کی تقدیر بدلے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے بچوں کو تعلیم کی فراہمی اور سکول سے باہر بچوں کو تعلیم کی جانب لانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،اسی لیے وزیراعظم نے ایجوکیشن ایمرجنسی لگائی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ مہذب معاشرے میں سپورٹس ایک انڈسٹری بن چکی ہے،اسٹریٹ چائلڈ ٹیم کی وزیراعظم نے ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہم اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا معاشرے کو سدھارنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کاکردار اہم ہے،سب کو پاکستان کی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔
رانا مشہود کا کہنا تھا کہ پہلے ہاکی ٹیم سیاست کا شکار تھی، حکومت نے ہاکی سے سیاست ختم کی اور میرٹ پر ٹیم کی سلیکشن کی جس کا نتیجہ اذلان شاہ کپ میں نظر آیا۔