لاہور، 30 مئی (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاک نمبر دار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے وفد نے ملک خالد نمبر دار کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد نے سردار سلیم حیدر خان کو گورنر پنجاب کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وفد نے گورنر پنجاب کو نمبرداری نظام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ نمبرداری نظام کی افادیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ نمبرداری نظام کو مضبوط بنا کر اداروں پر بوجھ کم کیا جا سکتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ نمبرداری نظام دیہاتوں میں لوگوں کے مسائل حل کرنے اور حکومت کی عملداری یقینی بنانے میں ایک موثر نظام ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت کی توجہ نمبرداری نظام کی طرف آنا شروع ہو گئی ہے،نمبرداری نظام کو موثر بنانے سے محکمہ زراعت، لینڈ اور ریونیو سے متعلق بہت سارے معاملات نچلی سطح پر حل ہو جاتے تھے۔ نمبر داری نظام متحرک ہونے سے تحصیل اور سول افسران کے لیے بھی آسانی ہے اور کہا کہ آپ کے مسائل کے حل کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب سے بات کروں گا۔
ملک خالد نے کہا کہ نمبرداروں نے نسل در نسل حکومت پاکستان، ریاستی اداروں اور عوام کی خدمت کی ہے۔ وفد نے گورنر پنجاب سے مطالبہ کیا کہ حکومت نمبرداری نظام کو فعال کرے۔