وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت گلگت بلتستان کابینہ کا آٹھواں اجلاس

20

گلگت۔30مئی (اے پی پی):وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت گلگت  بلتستان کابینہ کا آٹھواں اجلاس  ہوا۔ صوبائی وزراء ، وزیراعلیٰ کے مشیر ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل  گلگت بلتستان اور صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں انوائرونمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے ماحولیات پر اثرات کے حوالے سےInitial Environmental Examination and Environmental Assesment Regulations 2023 کی منظوری دی گئی۔

 وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس موقع پر کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور عملدر آمد میں ماحولیاتی تحفظ کے عالمی قوانین اور ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھا جائے تا کہ انفراسٹرکچرل اور دیگر ترقیاتی منصوبے ماحول دوست ہوں اور عالمی ڈونرز سمیت سرمایہ کاروں کو بھی راغب کرنے کیلئے پالیسی بنیادوں پر اقدامات بروئے کار لائے جاسکیں۔

کابینہ اجلاس میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے رولز آف بزنس میں ترمیم کے ذریعے نارکوٹکس کنٹرول کے حوالے سے اضافی شقوں کو شامل کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی اور لوکل کونسل ملازمین کی تنخواہوں کیلئے 10 کروڑ 59 لاکھ کے اضافی گرانٹ کی بھی منظوری دیدی گئی۔کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان ریور پروٹیکشن ایکٹ کی منظوری کو اسٹیک ہولڈرز کیساتھ مزید مشاورت کیلئے اگلے کابینہ اجلاس تک موخر کر دیا گیا جبکہ کوویڈ 19 کے دوران عارضی بنیادوں پر تعینات کردہ 130 ویکسینیٹرز کی خدمات کو دسمبر 2024 تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان میں اکنامک زون کیلئے پیشرفت تیز کرنے کیلئے گلگت بلتستان اکنامک زون ڈویلپمنٹ اینڈ  مینجمنٹ  کمپنی کے قیام کی منظوری دیدی گئی۔

 وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس موقع پر کہا کہ گلگت بلتستان میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور صنعتی ترقی کیلئے اکنامک زون انہتائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور اس منصوبے پر عمل در آمد یقینی بنانے کیلئے حکومتی سطح پر کمپنی کے قیام کے بعد حل طلب معاملات پر ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائینگے، انہوں نے مزید کہا کہ اکنامک زون کے قیام کے بعد خطے میں معاشی سرگرمیاں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے لہذا اس اہم منصوبے کی تکمیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن ایکٹ میں ترامیم سمیت الخدمت فاونڈیشن کیساتھ اسپیشل افراد کیلئے وہیل چئیر کی فراہمی کیلئے مفاہمتی یاداشت میں توسیع کی بھی منظوری دیدی گئی۔کابینہ اجلاس میں جگلوٹ گورو میں سیلاب کے خطرے کے پیش نظر حفاظتی بند کی تعمیر کی بھی منظوری دیدی گئی اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کو ہدایت جاری کی گئی کہ سیلاب سے متاثرہ دیگر اضلاع میں ایمرجنسی بنیادوں تعمیر شدہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ادائیگیوں کا عمل تیز کیا جائے۔

 وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے اس حوالے سے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی اور تعلیمی درسگاہوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کیلئے ایجوکیشن فیلوز کی تعیناتی کے بہتر نتائج سامنے آئینگے ۔