پشاور؛صوابی میں 250بستروں پر مشتمل الخدمت فرزانہ شاہنواز ہسپتال کا افتتاح

29

پشاور،31مئی (اے پی پی):الخدمت فاؤنڈیشن نے صوابی میں راشد میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن کے اشتراک سے ضلع صوابی کے سب سے بڑے 250 بستروں پر مشتمل جدید طبی سہولیات سے آراستہ الخدمت فرزانہ شاہنواز ہسپتال کا افتتاح کردیا ہے۔ہسپتال کی افتتاحی تقریب پاک فضائیہ کے سابق چیف ائیرمارشل سہیل امان کی زیرصدارت منعقد کی گئی۔اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمان اور صوبائی وزیرآبپاشی عاقب اللہ خان مہمانان خصوصی تھے۔

افتتاحی تقریب سےصوبائی وزیر ایریگیشن خیبرپختونخوا عاقب اللہ نے الخدمت فاؤنڈیشن کو فلاحی خدمات اور صوابی میں صحت سہولیات کی فراہمی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فلاحی سرگرمیوں میں صوبائی حکومت کی طرف سے بھرپور تعاون کا اعلان کیا۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمان اور صوبائی جنرل سیکرٹری شاکرصدیقی  نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں صحتِ عامہ کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور یہ 54واں  ہسپتال ہے جس کا آج افتتاح ہورہا ہے جو کہ صوابی کے عوام کے لیے تحفہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت نے خیبر پختونخوا میں گزشتہ سال 2023ء میں 3 ارب روپے سے زائد مالیت اور ملکی سطح پر 21 ارب روپے سے زائد مالیت کے فلاحی کام کئے گئے۔ جن سے 2 کروڑ سے زائد لوگ مستفید ہوئے ہیں۔

ریٹائرڈائیر چیف مارشل سہیل امان نےخطاب کرتے ہوئے کہاکہ خدمت انسانیت کے لیے الخدمت کی کاوشیں قابلِ تقلید ہیں اور  ہمارا مقصد لوگوں کے مسائل اور مشکلات کوکم کرنا ہے۔امید ہے کہ اس ہسپتال کی کامیابی میں مقامی لوگ بھرپور تعاون کریں گے۔اس موقع پرجنرل سیکرٹری جماعت اسلامی خیبرپختونخواعبد الواسع نے کہاکہ الخدمت دیانت وامانت کے ساتھ پروفیشنل انداز میں خدمت خلق کے لیے کوشاں ہے اس وجہ سے ہر کوئی الخدمت پر اعتماد اور اس کی بھرپورتحسین کرتا ہے۔

راشد ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر ریٹائرڈ ائیر کموڈور شبیر احمدخان نے کہاکہ فلاحی معاشرے کے فروغ کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ نادار لوگوں کو زندگی کی بنیادی ضروریات میسر ہوں۔